سرگودھا (آئی این پی) شاہینوں کے شہر میں ڈاکٹرز کی بے حسی اور غفلت کے باعث نوجوان لڑکی زندگی کی بازی ہار گئی۔ تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ شہر سرگودھا میں پیش آیا، جہاں ڈاکٹر کی بے حسی اور غفلت کے باعث 20سالہ لڑکی دم توڑ گئی۔ سیال موڑ کے گاؤں رام دیانہ کی 20 سالہ معظمہ کو پیٹ میں تکلیف کے باعث نجی ہسپتال لایا گیا تھا، نجی ہسپتال کے ڈاکٹر نے آپریشن کا کہا اور آپریشن کے دوران تولیہ پیٹ میں چھوڑ دیا۔ ورثاء نے احتجاج کرتے ہوئے تھانہ مڈھ رانجھا میں ڈاکٹر کیخلاف مقدمہ کے اندراج کی درخواست جمع کروا دی ہے۔
لڑکی کی والدہ کا کہنا ہے کہ میں اپنی بیٹی کو لیکر سرگودھا اسپتال لائی جہاں آپریشن کے دوران تولیہ نکالا گیا، میری بچی 3 دن زندگی و موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد دم توڑ گئی۔والدہ نے بتایا کہ جاں بحق ہونیوالی معظمہ میری بڑی بیٹی تھی، میرا تو گھر اجڑ گیا ہے۔لڑکی کے چچا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز ہمیں انصاف دلوائیں اور ڈاکٹر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے۔چچا کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر ہمیں ابھی کارروائی کرنے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے، ڈاکٹر کی غفلت میری بھتیجی کی جان لے گئی اسکو فوری گرفتار کیا جائے۔واضح رہے کہ ڈی سی محمد اصغر جوئیہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔