نیویارک (طاہر محمود چوہدری) امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے مذہبی آزادی کی خلاف ورزی کرنے والوں میں چین، روس، میانمار، بھارت اور پاکستان کا حوالہ دیا ہے. امریکہ کے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے بین الاقوامی مذہبی آزادی سے متعلق کانگریس کو اپنی سالانہ رپورٹ پیش کی ہے، جس میں چین، روس، میانمار، افغانستان، بھارت، پاکستان اور دیگر کو سنگین خلاف ورزیوں کے لیے الگ رکھا گیا ہے. رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں پر حملے، ان کا قتل عام، عبادت گاہوں پر قبضے، دھمکیاں اور املاک کو نقصان پہنچانے جیسے جرائم کو مودی حکومت کے چند افراد یا تو نظر انداز کر رہے ہیں یا پشت پناہی کر رہے ہیں۔
رپورٹ میں بھارت کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت اور بہت سارے عقائد کا گھر ہے، ہم نے لوگوں اور عبادت گاہوں پر بڑھتے ہوئے حملے دیکھے ہیں. ویتنام میں حکام غیر رجسٹرڈ مذہبی برادریوں کے ارکان کو ہراساں کرتے ہیں. نائیجیریا میں کئی ریاستی حکومتیں اپنے عقائد کے اظہار پر لوگوں کو سزا دینے کے لیے انسدادِ ہتک عزت اور توہین رسالت کے قوانین کا استعمال کر رہی ہیں.
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب میں بین المذاہب مکالمے اور مذہبی رواداری کو بڑھانے کے لیے حالیہ اہم اقدامات کو تسلیم کیا گیا ہے تاہم اسلام کے علاوہ کسی بھی مذہب پر عوامی طور پر عمل کرنا غیر قانونی ہے، اور حکومت مذہبی اقلیتی برادریوں کے ساتھ امتیازی سلوک جاری رکھے ہوئے ہے.
اسی طرح چین اکثریتی مسلم ایغوروں اور دیگر مذہبی اقلیتی گروہوں کا قتل عام اور جبر جاری رکھے ہوئے ہے. اپریل 2017 سے لے کر اب تک دس لاکھ سے زیادہ اویغور، قازق، کرغیز اور دیگر کو سنکیانگ کے حراستی کیمپوں میں رکھا گیا ہے.
رپورٹ کے مطابق افغانستان میں طالبان کے دور میں مذہبی آزادی کی صورت حال ڈرامائی طور پر خراب ہوئی ہے۔رپورٹ میں پاکستان کے متعلق کہا گیا ہے کہ پاکستان میں 2021 میں توہین مذہب کے الزام میں کم از کم 16 افراد کو پاکستانی عدالتوں نے موت کی سزا سنائی تھی، حالانکہ ان میں سے کوئی بھی سزا ابھی تک پوری نہیں ہوئی ہے. ان ممالک کے علاوہ، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا بھر کی کمیونٹیز میں مذہبی آزادی اور مذہبی اقلیتوں کے حقوق کس طرح خطرے میں ہیں.