تہران (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایران نے پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے ایک اور کرنل کی ہلاکت کی تصدیق کردی، دو ہفتوں کے دوران قدس کے دوسرے کرنل نے غیر طبعی طور پر زندگی کی بازی ہاری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ایران کی سرکاری خبر ایجنسی ارنا نے دعویٰ کیا ہے کہ قدس فورس کے کرنل علی اسماعیل زادے کی ہلاکت کچھ روز پہلے کراج شہر میں اپنے گھر میں پیش آنے والے حادثے کے باعث ہوئی تھی۔ کرنل علی اسماعیل زادے کی ہلاکت کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں تاہم رپورٹ میں ان کے قتل کو خارج از امکان قرار دیا گیا ہے۔
ایران کے ایک اور ٹی وی چینل نے دعویٰ کیا کہ کرنل اسماعیل زادے اپنے گھر کی چھت یا بالکونی سے گر کر ہلاک ہوئے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ قدس فورس کے کرنل حسین سید خدائی کو تہران میں ان کے گھر کے باہر گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔